لاہور( نیوز رپورٹر) نگران وزیر بلدیات ابراہیم مرادنے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر شخص کی بنیادی انسانی ضرورت ہے۔ بلدیاتی ادارے اپنے زیر انتظام واٹرفلٹریشن پلانٹس کی باقاعدگی سے دیکھ بھال کریں اورخراب واٹر فلٹریشن پلانٹس ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کروائے جائیں۔ابراہیم مراد کی ہدایت پر ایم سی ایل نے لاہور کے مختلف علاقوں میں عرصہ دراز سے خراب پانچ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت کروا دی۔ان میں کچا راوی روڈ پر واسا آفس ، گورنمنٹ مسلم ہائی سکول رحمان گلی برانڈرتھ روڈ، ڈی بلاک گلشن راوی، تکیہ محمود شاہ ساندہ اور شاہ جمال پارک میں نصب واٹر فلٹریشن پلانٹس شامل ہیں-یہ پلانٹس نجی شعبے کے تعاون سے ٹھیک کروائے گئے اور ان کی مرمت پر تقریباً 15 لاکھ روپے لاگت آئی۔نگراں وزیر بلدیات نے چند روز قبل لاہور میں واٹرفلٹریشن پلانٹس کی خرابی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف آفیسر ایم سی ایل کو خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کروانے کی ہدایت کی تھی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ان واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت کروادی گئی۔
بلدیاتی ادارے اپنے خراب فلٹریشن پلانٹس ٹھیک کروائیں: ابراہیم مراد
May 26, 2023