لاہور(نیوز رپورٹر) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے پہلے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور معروف نیورو سرجن پروفیسر ڈاکٹر خالدمحمود اپنی مدت ملازمت کی کامیاب اننگ مکمل ہونے پرعہدے سے ریٹائر ہو گئے ہیں جن کی خدمات کے اعتراف میں پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو اپنے ادارے میں " پروفیسر آف ایمریٹس" بنانے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ صرف صحیح معنوں میں اس اعزاز کے حقدار ہیں بلکہ ان کی نیورو سرجری کیلئے خدمات اس سے زیادہ سراہے جانے کے قابل ہیں۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے گزشتہ روز پنز آڈیٹوریم میں پروفیسر خالد محمود کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں نگران وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم، سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پیرا میڈیکس اور ملازمین کثیر تعداد میں شریک تھے جبکہ مقررین نے پروفیسر خالد محمود کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سرا ہا اور ان کے لئے آئندہ بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروفیسر جاوید اکرم، خواجہ سلمان رفیق، پروفیسر انجم حبیب وہرہ اور پروفیسر آصف بشیر ودیگر نے پروفیسر خالد محمود کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ ایک ڈاکٹر اور میڈیکل ٹیچر کبھی ریٹائر نہیں ہوتا،وہ اپنی ساری عمر انسانیت کی خدمت جاری رکھتا ہے۔ پروفیسر خالد محمود نے اپنی گفتگو میں کہا کہ انہوں نے چار سال سے زائد عرصہ ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر فرائض سر انجام دیے اور وہ ستارہ امتیاز اور گریڈ 21میں ترقی کو اللہ تعالیٰ کی نوازش سمجھتے ہیں،ریٹائر ہونے کے باوجود وہ کسی بھی قسم کی خدمت کو اعزاز سمجھیں گے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی کاپروفیسر خالد محمود کو"پروفیسر آف ایمریٹس"بنانے کا اعلان
May 26, 2023