جدہ (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب اور کینیڈا نے انسانی حقوق پر 2018ءکے تلخ تنازع کو ختم کرتے ہوئے سفارتی تعلقات بحال کر لئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ 18 اکتوبر 2022ءکو بنکاک میں ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن فورم میں شرکت کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹسن ٹروڈو کے درمیان ہونے والی بات چیت کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔ کینیڈا کی جانب سے سعودی عرب پر عائد کی جانے والی تجارتی پابندیاں بھی اٹھائی جائیں گی۔ دوسری جانب کینیڈین وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے سوڈان میں پھنسے ہمارے شہریوں کے انخلاءمیں ہماری مدد کی اور وہ سوڈان کے مسئلے کے حل کیلئے بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں کینیڈا نے جین فلپ لینٹاﺅ کو سعودی عرب میں نیا سفیر بھی نامزد کر دیا ہے جو کینیڈین محکمہ خارجہ اور بین الاقوامی تجارت کے دیرینہ رکن ہیں۔ جبکہ سعودی عرب نے ابھی تک اپنے سفیر کا اعلان نہیں کیا۔
سعودی عرب، کینیڈا
انسانی حقوق کا تلخ تنازعہ ختم ، سعودیہ، کینیڈا، میں 5 سال بعد سفارتی تعلقات بحال
May 26, 2023