پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر پولیس کے چھاپے کی شدید مذمت کی ہے۔گزشتہ روز پنجاب پولیس نے محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر کی تلاشی لی تاہم پرویز الٰہی گھر پر موجود نہ تھے۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر پولیس حملے کی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور سپورٹرز کے خلاف روا رکھی گئی یزیدیت کی کوئی حد نہیں ، یہ خوش فہمی کا شکار ہیں کہ اس سے تحریک انصاف کمزور ہو جائے گی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت تب کمزور ہوتی ہے جب عوام کی تائید سے محروم ہو، عوام کے دلوں میں تحریک انصاف کیلئے ہمدردیاں بڑھ رہی ہیں۔