اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانی پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے شہدا کی قدر کرتی ہے اور وہ اْن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 20 مئی کو ٹانک جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے نائیک محمد عتیق اور رجب علی کے ورثا سے فون پر رابطہ کیا ، ڈاکٹر عارف علوی نے شہدا کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے 20 مئی کو گلاب پوسٹ بلوچستان میں شہید ہونے والے سپاہی مدثر حمید اور عبد القدیر کے لواحقین سے بھی بات کی.انہوں نے 20 مئی کوہی زرغون بلوچستان میں شہید ہونے والے سپاہی ظہیر احمد کے خاندان سے بھی رابطہ کیا اور شہدا کی وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانی پر اْنہیں خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی اور فرض سے لگن کو سراہا. انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی.