لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پی ایس ایل گورننگ کونسل اجلاس میں فرنچائز مالکان کو مکمل تعاون اور مقاصد کے حصول کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروادی۔ چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت 25-2024 کے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر اور پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں محسن نقوی نے پی ایس ایل فرنچائز مالکان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔چیئرمین پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ نئے سیزن کیلئے کرکٹ ایونٹس کا ایسا مسابقتی شیڈول پیش کریں جو بین الاقوامی کرکٹ کیساتھ خلا کو پْر کرنے میں مدد کرسکے۔پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں محسن نقوی نے فرنچائز مالکان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ میں آپ کو فرنچائز کے مالکان کے طور پر بڑھتا اور پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتا ہوں، میں آپ کے مقاصد کے حصول کیلئے آپ کی مدد کرونگا۔فرنچائز مالکان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے تاج میں ایک زیور ہے اور ہم پی سی بی کے تعاون سے اسے مسلسل ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔