جنرل ہسپتال میں منہ، چہرہ ، جبڑوں کے علاج کیلئے نیا شعبہ اورل اینڈ میکسیلو فشل قائم  

May 26, 2024

لاہور(نیوزرپورٹر)حادثات کے نتیجے میں منہ، چہرے اور جبڑوں کے فریکچر سمیت منہ اور چہرے کے کینسر اور بناوٹی نقائص کے علاج معالجے اور آپریشن کیلئے حکومت پنجاب نے لاہور جنرل ہسپتال میں نیا شعبہ’’ اورل اینڈ میکسیلو فشل‘‘ قائم کر دیا ہے جس کے ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ارمغان اسرار مرزاہوں گے۔اس نئے شعبے کے آغاز سے ایل جی ایچ میں آنے والے منہ، چہرہ اور جبڑے کے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجے کی بڑی اور جدید سہولت دستیاب ہوگی۔ پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا  جنرل ہسپتال ٹریفک حادثات میں زخمی ہونیوالے شہریوں کے علاج معالجے کے حوالے سے پورے ملک میں شہرت اور اہمیت کا حامل ہے اور اب’’اورل اینڈ میکسیلو فشل‘‘ شعبے کے قیام سے ٹوٹے جبڑوں کے آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہو جائے گا۔ اب ایک ہی ہسپتال میں مریضوں کو ہر قسم کی طبی سہولتیں میسر ہوں گی جس کی وجہ سے مریضوں کوعلاج کیلئے مختلف ہسپتالوں میں نہیں جانا پڑے گا۔ پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ بالخصوص وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے کی ترقی اور مریضوں کو زیادہ سے زیادہ معیاری سہولیات کی فراہمی کا جو وعدہ کیا تھا جنرل ہسپتال میں ’’اورل اینڈ میکسیلو فشل‘‘کے قیام سے اس مشن کی تکمیل میں ایک اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزیدخبریں