لاہور(نیوز رپورٹر) پنجاب میں اینٹی بائیوٹک اور نشہ آور ادویات کا بے دریغ استعمال پر نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نے پنجاب بھر میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے جا استعمال کو روکنے کا عندیہ دیدیا۔ اس سلسلہ میں صوبائی وزیر صحت نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا ہنگامی بنیادوں پر اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر قلندر خان، چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی اور سیکرٹری پی کیو سی بی ڈاکٹر منور نے شرکت کی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے جا استعمال سے دنیا بھر میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے۔ ان ادویات کے بے جا اور ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر استعمال روکنے کیلئے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن، ڈریپ سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت کا ڈرگ کنٹرول ونگ پنجاب، پی ایچ سی، ڈریپ سے مشاورت کرکے ایک ہفتہ کے ندر سفارشات مرتب کرے گا۔
اینٹی بائیوٹک ادویات سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے:خواجہ عمران نذیر
May 26, 2024