کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملک کے سیاسی و معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان میں جمہوری جذبہ نہیں اشارہ ملتے ہی ساتھ ہو جائیں گے۔ حبیب پبلک المنائی ایسوسی ایشن کے ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے معاشی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ زری اور مالی حالات درست ہوئے بغیر کوئی ملک پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔ نئے نوٹ چھاپنے سے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ پاکستان میں 20سال وہی سرمایہ کاری آئی جسے پاکستان میں فروخت ہونا ہوتا ہے، کسی ملک نے ایسی سرمایہ کاری نہیں کی، جس سے مصنوعات تیار کرکے برآمدات ہوئی ہوںکوئی معاشی پالیسی ایسی نہیں جو پاکستان کو ترقی دے سکے، کرپشن اگر صفر ہوجائے تب بھی پاکستان امیر نہیں ہوسکے گا، کوئی کاروبار دوستوں سے قرض لے کر نہیں چلایا جا سکتا ہے، کاروبار صرف بنک سے قرض لے کر چلانا ممکن ہے۔ سرمایہ کاری آسان کردیں وہ آئے گی، پاکستان میں 10سال عمر کے 78فیصد بچے دو جملے نہیں پڑھ سکتے۔ خان صاحب اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں بلکہ اینٹی کرنٹ اسٹیبلشمنٹ ہیں۔ عمران خان نے 2011 میں جلسہ بھی اسٹیبلشمنٹ کے زور پر کیا تھا، اس وقت سیاست پرو اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہو رہی ہے۔ عمران خان میں جمہوری جذبہ نہیں ہے، خان صاحب کو اشارہ ملے گا تو پھر سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہو جائیں گے جو آپ کو لائے گا وہ آپ کو نکالے گا، خان صاحب کو موجودہ اسٹیبلشمنٹ سے مسئلہ ہے کیونکہ وہ ان کے حق میں نہیں ہے۔ میاں صاحب نے کہا پٹرول کی قیمت نہیں بڑھے گی۔ ڈار صاحب کو وزیر بننے کا شوق تھا، شہباز شریف کچھ بھی نہ بول سکے۔
بانی پی ٹی آئی میں جمہوری جذبہ نہیں، نئے نوٹ چھاپنے سے مہنگائی بڑھ رہی: مفتاح اسماعیل
May 26, 2024