اسلام آباد+ غزہ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کے فوجی آپریشن روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کی طرف سے اسرائیل کے خلاف آئی سی جے میں دائر درخواست کی حمایت کرتا ہے۔ اسرائیلی قابض حکام رفح کراسنگ کو انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کے لیے کھلا رکھیں، کسی بھی تحقیقاتی کمیشن، فیکٹ فائنڈنگ مشن یا دیگر تحقیقاتی ادارے کی غزہ پٹی تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ نسل کشی کے الزامات کی تحقیقات کرے۔ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے تازہ ترین احکامات کے ساتھ ساتھ 26 جنوری اور 28 مارچ کے سابقہ احکامات پر فوری اور غیر مشروط عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی جاری وحشیانہ فوجی مہم کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، انسانی امداد کے بلا روک ٹوک بہاؤ کی اجازت اور غزہ میں شہریوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کئے جانے چاہییں، ان کارروائیوں پر اسرائیل کو اس کے جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ پاکستان فلسطینیوں کی ایک قابل عمل، محفوظ، متصل اور خودمختار ریاست کے لیے فلسطینیوں کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ یورپی یونین خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے مطالبہ کیا اسرائیل عالمی عدالت کے رفح آپریشن رکوانے کے فیصلے پر عملدرآمد کرے۔