گرمی کی شدت برقرار، لوڈشیڈنگ جاری، ہیٹ ویو سے پورا خطہ متاثر، بھارت میں 9 افراد ہلاک

لاہور (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) سندھ اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ شہری بے حال ہو گئے۔ لاڑکانہ 51 ڈگری کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا۔ سکھر اور دادو میں درجہ حرارت 49 ڈگری رہا۔ سبی اور ڈی جی خان میں 48 ‘ مٹھی ‘ نواب شاہ 47 ‘ ملتان اور بہاولپور 46 ‘ حیدر آباد‘ فیصل آباد‘ سرگودھا‘ ساہیوال‘ تربت 45 ‘ چکوال‘ مظفر آباد میں 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں 42 ڈگری کی گرمی 45 کی محسوس ہوئی اور کراچی میں 36 ڈگری کی گرمی 41 اور اسلام آباد میں 38 ڈگری کی گرمی 41 کی محسوس ہوئی۔ پشاور میں 37 ڈگری کی گرمی 40  ڈگری کی لگی۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)نے پنجاب میں 27مئی تک ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی اور اس دوران درجہ حرارت 45سے 48ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور ،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔ ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کائونٹرز قائم کر دیئے گئے۔ گرمی کی شدت بڑھنے پر کراچی میں گیسٹرو کے کیسز میں اضافہ ہونے لگے۔ جناح ہسپتال میں گیسٹرو کے روزانہ 45 سے 50 مریض آرہے ہیں، ہسپتال میں گیسٹرو سے شدید متاثرہ مریضوں کے کیس آرہے ہیں۔ ٹوبہ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردو نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں 15, 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ شہری شدید پریشان ہیں۔ لوڈشیڈنگ وبال جان بن گئی۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے بھی سرکاری بے بسی کا اعتراف کرتے کہا کہ بجلی کا ایشو ہمارے کنٹرول سے باہر ہے۔ کے الیکٹرک کی پالیسیاں سمجھ سے باہر ہیں۔ کراچی میں اجتماعی سزا کا نظام کے الیکٹرک نے رائج کر دیا اور ڈھٹائی سے مانتے بھی ہیں۔ کوئی کسی کی بجلی چوری کا خمیازہ کیوں بھگتیں اور بل ادا کریں۔ کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کا دعوی ہے کہ کراچی کے 70 فیصد علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں عوام پر 70 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ شہری بجلی کا بل دیں تو لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ دریں اثناء جنوبی ایشیا کوشدید موسمی حالات کا سامنا ہے، بھارت کے مغربی حصے میں گرمی کی لہر کی وجہ سے کم از کم 9 افراد ہلاک ہو گئے  جب کہ بنگلہ دیش اور پڑوسی ریاستوں کے کچھ حصوں میں طوفان کے ٹکرانے کا خطرہ ہے۔ بھارتی ریاست راجستھان میں شدید گرمی کی وجہ سے بیمار پڑنے پر کم از کم 9 افراد ہلاک ہوگئے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جمعہ کو آنے والی آندھی اور آسمانی بجلی گرنے سے 6 شہری جاں بحق ہوئے۔ آندھی‘ طوفان کی وجہ سے 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ سیالکوٹ‘ راولپنڈی میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے۔ 

ای پیپر دی نیشن