کوٹ ادو + ٹھٹھہ (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد سمیت 17 مسافر جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو کی تحصیل چوک سرور شہید میں میانوالی روڈ پر ٹرک مسافر وین سے ٹکرا گیا۔ مسافر وین میں سوار 11 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ مسافر وین میں سوار افراد کا تعلق ملتان کی بستی لاڑ کے ایک ہی خاندان سے تھا اور وہ بھکر میں اپنے رشتہ داروں کے پاس جا رہے تھے۔ مرنے والے افراد میں 3 خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثناء ٹھٹھہ میں قومی شاہراہ پر جھرک علاقہ کے قریب ٹرالر اور وین کے خوفناک تصادم سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں کو حیدر آباد سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
حادثات، کوٹ ادو میں ایک خاندان کے 11، ٹھٹھہ میں 6 افراد جاں بحق
May 26, 2024