اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان اور سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان کے اشتراک سے سرمایہ کاری اور ویلتھ مینجمنٹ کے عنوان پر ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا۔ یہ سیشن پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی جانب سے گندھارا سٹیزنز کلب، ایف نائن پارک، میں منعقد ہونے والے دو روزہ ایکنو فیسٹ کا حصہ تھا۔سیشن کے پینلسٹ میں ایس ای سی پی کے چئیرمین عاکف سعید، نیشنل کلئرنگ کمپنی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو اور سی ڈی کے ایک پی پی کے نمائندے شامل تھے۔ پینلسٹس نے مالیاتی خواندگی اور طویل افقی سرمایہ کے رجحان کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے شرکاء کو سرمایہ کاری کی مختلف مصنوعات اور سہولتوں کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی اور کیپٹل مارکیٹوں کے موثر اور شفاف کام اور متعلقہ اداروں کے کردار کی وضاحت کی۔ انہوں نے مختلف قسم کی معلومات تک رسائی کے لیے اپنے متعلقہ اداروں کی ویب سائٹس پر جانے کی تجویز بھی دی۔سامعین میں موجود متنوع شعبوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد اور طلباء شامل تھے۔ نوجوان شرکاء نے خاص طور پر، سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور راستے تلاش کرنے کے لیے کیپٹل مارکیٹوں کی مسلسل بڑھتی ہوئی ڈیجیٹلائزیشن سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔