ملک میں ایس آئی ایف سی کے ثمرات جلد برآمد ہونگے،گورنر سندھ  

May 26, 2024

کراچی (آئی این پی ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ملک میں ایس آئی ایف سی کے ثمرات جلد برآمد ہوں گے۔ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے 16 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام نے کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر ثاقب فیاض، آصف سخی، محمد امان پراچہ، آصف انعام، خالد تواب، حنیف گوہر، شوکت احمد، عرفان سروانا، احمد چنائے، میاں ذاہد حسین اور عمر ریحان ودیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران بجلی کی قیمتوں میں اضافے، معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر بات چیت ہوئی، شہر قائد میں صنعتوں کو بجلی و گیس کی تواتر سے فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ معاشی، صنعتی اور اقتصادی ترقی میں صنعت کاروں اور تاجروں کا کلیدی کردار ہے، موجودہ حکومت صنعتی فعالیت کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، گورنر ہاوس کے دروازے آپ لوگوں کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کو درپیش مشکلات سے وفاق سے متعلق اداروں کو آگاہ کرتا رہوں گا، اس حوالے سے وزیراعظم کے سامنے آپ کے مسائل پیش کروں گا، اپنی مدد آپ کے تحت گورنر ہاس میں عوام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات آپ کے سامنے ہیں۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اب تک چار لاکھ 70 ہزار افراد کو راشن تقسیم کیا جا چکا ہے، 1800 سے زائد بائیکس دے چکے ہیں، ماہانہ بنیادوں پر کروڑوں کی امداد کی جاتی ہے۔

مزیدخبریں