بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز نے پہیہ جام ہڑتال مؤخر کردی

بلوچستان میں ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے پہیہ جام ہرتال مؤخر کردی۔

ضلعی انتظامیہ مذاکرات کیلئے پہنچی تو ٹرانسپورٹرز نے انتظامیہ کو اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پہیہ جام کی کال واپس لے لی ہے، لیکن احتجاجی کیمپ قائم رہے گا۔

بلوچستان ٹرانسپورٹرز اتحاد نے گزشتہ روز صوبے بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

ٹرانسپورٹرز اتحاد کا کہنا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کو کئی کئی گھنٹے چیک پوسٹوں پر روکا جاتا ہے، چیک پوسٹوں پر گھنٹوں چیکنگ کے بہانے کھڑا کرکے اذیت دی جاتی ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ ہے کہ جگہ جگہ چیک پوسٹوں کے بجائے جوائنٹ چیک پوسٹیں قائم کی جائیں.

ٹرانسپورٹرز کے مطابق ہر چیک پوسٹ پر گھنٹوں کھڑا کیا جاتا ہے جس سے مسافر پریشان ہوتے ہیں، ساتھ میں فروٹ اور سبزیاں بھی خراب ہوجاتی ہیں۔

ٹرانسپورٹر کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹوں پر روکنے کے باعث گھنٹوں کا سفر دنوں میں طے ہوتا ہے۔

ٹرانسپورٹرز اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ ہفتے سے بلوچستان بھر کی شاہراہیں بلاک کردیں گے۔

ای پیپر دی نیشن