یاسمین راشد سروسز اسپتال سے ڈسچارج، واپس جیل بھیج دیا گیا

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کرنے کے بعد واپس جیل بھیج دیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد 5 روز سروسز اسپتال میں زیر علاج رہیں اور اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ اینٹی بائیوٹک کا کورس مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق علاج کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواسی ان سے ملنے کے لیے اسپتال آئی تھی۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو پانی کی کمی اور پیٹ میں درد کی شکایت پر سروسز اسپتال لایا گیا تھا۔

دوسری جانب ان کی وکیل نے کہا کہ یاسمین راشد کی طبعیت تاحال ناساز ہے، تاہم اسپتال میں مبینہ طور پر صحافیوں کی ملاقات پر پولیس حکام ناراض ہوئے اور یاسمین راشد کو اسپتال انتظامیہ پر دباؤ ڈلواکر ڈسچارج کرکے جیل منتقل کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن