جیکب آباد، پارہ 52 ڈگری تک پہنچ گیا

May 26, 2024 | 23:38

ویب ڈیسک

 جیکب آباد میں پارہ 52 ڈگری تک پہنچ گیا، لو کے باعث شہر،بازار سنسان، درجنوں لوگ بے ہوش ہوگئے۔ اتوار کے روز جیکب آباد ملک کا گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت52 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ لو چلنے کے باعث شہر کی مارکیٹیں اور سٹرکیں سنسان ہوگئی ہیں اور کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا. شدید گرمی کے باعث درجنوں افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ شہر میں سماجی تنظیموں کی جانب سے لوگوں کو گرمی سے بچانے کے لئے ٹھنڈے پانی کی سبلیں قائم کی گئی ہیں۔شہر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے. شہری علاقوں میں 16 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 20 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جاری ہے. جس کی وجہ سے لوگ شدید اذیت کا شکار ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں پینے کے پانی اور برف کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اگلے دو روز کے دوران ملک کےبیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہرکے زیر اثرر ہنے کی پیشگو ئی کی ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد 52، دادو 51، خانپور، خیرپور، لاڑکانہ، پڈعیدن، سکھر، سبی، روہڑی 50، رحیم یار خان، بھکر، ڈی جی خان، کوٹ ادو، شہید بینظیر آباد 49، ملتان، ڈی آئی خان، تربت 48، سکرنڈ، بہالپور ، بہاولنگر، جھنگ، جوہرآباد، لیہ، قصوراور نور پور تھل میں 47ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ پیر کے روز ملک کےبیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہرکے زیراثر رہیں گے جبکہ بعداز دوپہر گرد آلود ہوائیں ، جھکڑ چلنے کا امکان ہے تاہم شام ، رات گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشترعلاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔تاہم گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش، بوندا باندی ہوئی۔

مزیدخبریں