مائیکرو فائنانس بنکوں کو غیر ملکی کرنسی میں قرضے لینے کی اجازت

Nov 26, 2009

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بنک نے مائیکرو فائنانس بینکوں/ اداروں کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں/ امدادی اداروں سے غیر ملکی کرنسی میں قرضے لینے کی اجازت دیدی ہے تاکہ وہ اپنی فنڈنگ کی ضروریات پوری کرسکیں۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ ایک سرکلر کے مطابق قرض کا مقصد صرف مائیکرو فائنانس بینکوں/اداروں کے لون پورٹ فولیو کو فائنانس کرنا ہونا چاہئے اور یہ قرض چار اہم کرنسیوں امریکی ڈالر، یورو، برطانوی پاﺅنڈ اور جاپانی ین میں حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اس فیصلے سے مائیکرو فائنانس فراہم کرنے والے اداروں کو قرض کے مختلف ذرائع تک رسائی میں مدد ملے گی جس سے وہ اپنے فنڈنگ رسک کو کم کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں سٹیٹ بینک نے فائنانشل انکلوژن پروگرام کے تحت 10 ملین برطانوی پاﺅنڈ کے ساتھ قائم کی گئی مائیکرو فائنانس کریڈٹ گارنٹی فیسلٹی کے ذریعے مائیکرو فائنانس بینکوں / اداروں کو کمرشل بینکوں/ ترقیاتی مالیاتی اداروں سے مقامی کرنسی میں فنڈز حاصل کرنے کی سہولت دی تھی۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ فارن کرنسی میں قرض کی کم از کم مدت دو سال سے کم نہیں ہونی چاہئے جبکہ لون پرائسنگ لندن انٹربینک آفرڈ ریٹ (لائبور) جیسی حوالہ جاتی شرح پر منحصر ہوگی۔ شرح سود کا فیصلہ بہترین ممکنہ شرائط پر کیا جاسکتا ہے سرکلر کے مطابق فراہم کردہ فارن کرنسی فنڈز کو فوری طور پر پاکستانی روپے میں منتقل کیا جائے گا۔ کسی بھی صورت میں مائیکرو فائنانس بینکوں/ اداروں کو غیر ملکی کرنسی میں یہ فنڈز رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزیدخبریں