لاہور (پ ر) تحریک تکمیل پاکستان کے بانی اور سابق وفاقی وزیر حکومت پاکستان محمود علی مرحوم کی ساتویں برسی کے سلسلے میں ایک تقریب مون لائن سکول 37 نسبت روڈ لاہور میں منعقد کی گئی مون لائٹ سکول سسٹم کے چیئرمین ادیب جاودانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمود علی قائداعظم کے دیرینہ ساتھی تھے۔ انہوں نے مشرقی پاکستان کی علیحدگی کو کبھی قبول نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمود علی17 نومبر2006ء کو ہمارے ہی سکول میں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ آپ کے آخری الفاظ تھے کہ امریکہ سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ محمود علی کے بھائی انجینئر مشرف مشتاق علی نے کہا کہ میرے بھائی محمود علی نے مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد بنگلہ دیش جانے سے انکار کر دیا تھا ان کا کہنا تھا کہ اب میرا جینا مرنا پاکستان میں ہی ہے۔ مشرف مشتاق علی کی اہلیہ سلینا علی نے کہا کہ محمود علی قائداعظم کے ساتھ اور پاکستان بنانے والوں میں شامل تھے تقریب سے حنا ادیب اور کاشف ادیب نے بھی خطاب کیا۔