تہران (اے این این) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کیلئے ایران پہنچ گئے۔ تہران ائرپورٹ پر سرتاج عزیز کا استقبال ایرانی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ سرتاج عزیز ایران کے صدر حسن روحانی سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔ ان ملاقاتوں میں ایران گیس پائپ لائن منصوبے سمیت ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانیوالے معاہدے، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ اس معاہدے کے بعد سرتاج عزیز پہلے پاکستانی عہدیدار ہیں جو تہران پہنچے ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس میں رکن ملکوں کے درمیان اقتصادی فنی اور ثقافتی شعبوں میںتعاون بڑھانے پر غور کیا جائیگا۔