ایران سے معاہدے پر عملدرآمد چاہتے ہیں ‘ تاجکستان سمیت جہاں سے سستی گیس ملے گی درآمد کریں گے: احسن اقبال

اسلام آباد (آئی این پی + ثناء نیوز + اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے ہم ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد چاہتے ہیں، پاکستان ایران اور تاجکستان سمیت جہاں سے بھی سستی گیس میسر ہو گی درآمد کرے گا، ملکی ترقی قرضوں اور امداد سے ممکن نہیں، جب تک ٹیکسوںکی شرح جی ڈی پی کے مقابلے میں 9 فیصد رہے گی ملینیم ترقیاتی اہداف کا حصول ناممکن ہے، دورانِ زچگی حاملہ خواتین کی اموات کی شرح میںکمی لانے کیلئے ترجیحی اقدامات کریں گے۔ مائوں کا تحفظ پاکستان کے مستقبل کا تحفظ ہے، 31 دسمبر تک ویژن 2025ء اور گیارہویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں، وہ یہاں ملینیم ترقیاتی ہدف نمبر 5 (دورانِ زچگی حاملہ خواتین کی شرح اموات میں کمی) کے حوالے سے منعقدہ دو روزہ کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا جب تک ہم اپنے وسائل کو ترقی نہیںدیں گے نہ توہم ملینیم ترقیاتی اہداف کے حصول میںکامیاب ہوںگے جبکہ نہ ہی دیگر اہم مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ملک کو ترقی کے لئے ہر صورت اپنے وسائل پر انحصار کرنا ہو گا جبکہ ملینیم ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے جی ڈی پی کے مقابلے میں ٹیکسوںکی شرح بڑھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ کسی بھی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ہم دنیا سے کافی پیچھے رہ گئے ہیں لہٰذا ملینیم ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے جی ڈی پی کے مقابلے میں ٹیکسوں کی شرح 13 فیصد تک لانا ہو گی بصورتِ دیگر ملک کو ہمیشہ وسائل کی کمی کا سامنا رہے گا۔ انہوں نے کہا حکومت پاکستان کی ترقی اور ملک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق کانفرنس کے ابتدائی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کسی معاشرے کی ترقی کا انحصار باصلاحیت افرادی قوت پر ہے۔ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی، حکومت ٹیکس نظام میں اصلاحات لا رہی ہے اور رواں برس ٹیکس آمدن میں اضافے سے ملک کی ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں بھی اضافہ ہو گا، کسی ملک کی بقا کے لئے انسانی وسائل کی فراہمی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ مستقبل کے معاشروں کی جنگ کلاس روم اور لائبریریوں میں لڑی جائے گی۔ ہوائی اڈے، ڈیم، بجلی کے منصوبے اور سٹرکوں کا جال کسی ملک کے لئے ضروری تو ہیں لیکن کسی ملک کی اہم ترین ضرورت اس کی باصلاحیت افرادی قوت ہوتی ہے۔ ماضی میں صحت کے شعبے کے لئے 0.5 اور 0.6 فیصد بجٹ مختص کیا جاتا رہا ہے جو انتہائی شرمناک ہے۔ گذشتہ حکومتیں وسائل کا ضیاع کرتی رہی ہیں۔ گزرے پانچ برسوں میں غذائیت کی کمی میں اضافہ ہوا۔ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر صحت کی سہولیات میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مزید برآں اے پی پی کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں یوم اقبالؒ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نئی نسل کو شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کی تعلیمات اور افکار کے مطابق تعلیمی مواقع فراہم کرکے ملک کی سماجی و معاشی ہی نہیں اخلاقی اور انسانی رویوں میں مثبت تبدیلی کے حامل تعلیمی مواقع فراہم کر رہی ہے۔ پاکستان اور امت کی ترقی کے لئے ضروری ہے عہد حاضر میں مختلف مسالک کے علما اور پیروکاروں میں مسلمانوں اور انسانیت کی خدمت کے لئے سائنسی ایجادات اور تحقیق میں مقابلے ہوں نہ کہ ایک دوسرے کو غیر مسلم قرار دینا اور عدم برداشت پر توجہ دی جائے کیونکہ مسلمان ابتدائی دور میں سائنس و ٹیکنالوجی پر توجہ نہ دیتے تو بغداد اور سپین سے فزکس، کیمسٹری جیسے علوم میں دنیا بھر کے لئے قابل تقلید تحقیق و ایجادات کی بجائے متنازعہ اور غیر مفید فتوے ہی منظر عام پر آتے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...