گیس کا خسارہ، گھریلو صارفین کو دسمبر میں 6سے 8گھنٹے بندش کا سامنا ہو گا

Nov 26, 2013

لاہور (نیوز رپورٹر) رواں برس دسمبر میں سردیوں میں گیس کا خسارہ بڑھ جائے گا جس کی وجہ سے گھریلو صارفین کو 6سے 8گھنٹے گیس کی بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کے ایم ڈی عارف حمید سمیت دیگر انتظامیہ نے گذشتہ 2برسوں سے تعمیر و مرمت پروگرام اور اپ گریڈیشن پروگرام پر بھی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں گیس اْس پریشر سے بھی صارفین تک نہیں پہنچی جس کی بنیادی وجہ گیس کی چوری ہے۔ لاہور میں گیس چوری کی کارروائیاں گذشتہ ایک برس سے کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔ صارفین کو ہر صورت میں دقت اور ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری طرف سوئی گیس حکام نے کہا ہے کہ گیس کی قلت 90کروڑ مکعب فٹ تک بڑھ گئی ہے اور جنوری تک گیس کی قلت 1ارب 40کروڑ مکعب فٹ تک پہنچ جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن نے یکم دسمبر سے تمام سی این جی سٹیشنز اور انڈسٹری کو 3ماہ گیس بند کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں جبکہ گیس سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کی گیس بھی بند کر دی جائے گی جس سے بجلی کے خسارے میں دسمبر میں اضافہ ہوگا۔

مزیدخبریں