6 برس بے گناہ کی قید کس کے کھاتے میں جائیگی ‘ چیف جسٹس : منشیات کیس میں عمر قید کا ملزم بری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منشیات کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم کو بری کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ چھ سال سے بے گناہ کی قید کس کے کھاتے میں جائے گی۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے اسے منشیات سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا جبکہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ میں الزام غلط ثابت ہوا مگر رپورٹ میں ردوبدل کر کے ایک بے گناہ شخص کو سزا دلوائی گئی۔ چیف جسٹس نے قرار دیا کہ ایک بے گناہ کوچھ سال تک قید میں رکھا گیا اس کا ذمہ دار کون ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دئیے کہ اگر اس طرح ہوتا رہا تو ایک دن لوگوں کے باورچی خانوں پر بھی چھاپے مارے جائیں گے اور خشخاش کو منشیات لکھا جائے گا۔ جسٹس امیرہانی مسلم نے قرار دیا کہ ایگزامینیشن رپورٹ میں ردوبدل کی گئی جو صاف ظاہر ہے کسی بے گناہ کو قید میں رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ای پیپر دی نیشن