انسداد دہشت گردی عدالت سے جنرل سیکرٹری عوامی تحریک کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

Nov 26, 2014

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈاپور کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ سرکاری افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خرم نواز گنڈاپور طلبی کے نوٹسز ملنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت انہیں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور سمیت زاہد اسلام، زید فیاض، الطاف شاہ، تنویر سندھو، ولایت شاہ اور ساجد محمود بھٹی کے خلاف ماڈل ٹائون واقعہ کے دوران پولیس پر فائرنگ کرکے اہلکاروں کو زخمی کرنے کے الزام کے تحت تھانہ فیصل ٹائون میں مقدمہ درج ہے۔ خرم نواز گنڈاپور منہاج القرآن ادارے میں روپوش ہیں جس کے باعث پولیس انہیں حراست میں نہیں لے سکی۔ عدالت نے خرم نواز گنڈاپور کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں