بیورو کریسی احکامات نہیں مانتی، صدر کی وزیراعظم کو شکایت: کیبنٹ ڈویژن نے عملدرآمد کی ہدایت کر دی

Nov 26, 2014

لاہور (معین اظہر سے) ایوان صدر نے بیورو کریسی کی طرف سے ان کے احکامات نہ ماننے ان کی طرف سے پوچھے ریفرنس کے جوابات نہ دینے کی شکایت وزیر اعظم میاں نواز شریف سے کر دی ہے جس پر وزیر اعظم کی ہدایات پر سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی سیکرٹریوں ، صوبائی سیکرٹریوں کو لیٹر لکھا ہے جس میں کہا ہے وزیر اعظم نے ایوان صدر بجھوائے جانے والے ریفرنس کے جوابات بعض وزارتیں نہیں دے رہیں جس کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور ہدایات دی جارہی ہیں کہ ایوان صدر کی طرف سے جو احکامات ، ریفرنس اور رپورٹس مانگی جائیں فوری اس پر عمل کیا جائے۔ ایوان صدر سے وزیر اعظم کو کہا گیا تھا کہ صدر کی ہدایات پر وزارتوں ، محکموں اور دیگر اداروں سے روپورٹس مانگی جاتی ہیں ان کو کئی بار یاد دہانی کے خطوط لکھے گئے لیکن اس کا جواب نہیں دیا گیا جس پر وزیر اعظم کی ہدایات پروفاقی سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے ایک خط جاری کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے۔ ایوان صدر کی جانب سے چند وزاتوں، محکموں سے جو رپوٹس مانگی جاتی ہیں افسران اس کا جواب نہیں دیتے ہیں اس لئے تمام وزاتوں ، محکموں ، اداروں کے سربراہوں کو ہدایات دی جاتی ہیں اب ایوان صدر کی طرف سے جو ریفرنس ، رپوٹس، یا کوئی اطلاعات مانگی جائیں گی اس کا فوری جواب ایوان صدر سیکرٹریٹ کو بجھوایا جائے گا کسی ادارے ، وزارت نے اپنے کمنٹس بجھوانے میں تاخیر کی یا نہ بجھوائے تو افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ اسلئے تمام وزاتوں اورچاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران کو ان ہدایات کے بارے میں اگاہ کردیں۔ جس پر چیف سیکرٹری پنجاب نے وفاقی حکومت کی طرف سے موصول ہونے والی ان ہدایات پر تمام سیکرٹریوںِ ، کمشنروں، آرپی اوز کو لیٹر لکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جو آج جاری کر دیا جائے گا۔ کابینہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے وزیر اعظم کو بیورو کریسی کے رویے کے خلاف خود شکایت کی ہے جبکہ بعض سینئر افسران نے کہا ہے ایوان صدر کی طرف سے بعض ایسی رپورٹس مانگی گئی تھیں جو وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں اسلئے وہ رپوٹس نہ بجھوانے پر ایوان صدر کی طرف سے وزیر اعظم کو کہا گیا ہے۔

مزیدخبریں