نارنگ منڈی (نامہ نگار) دوسری شادی کا خواہش مند تین بچوںکا باپ دوسری شادی کے روز گھر سے فرار ہوگیا، اہل دیہہ نے لاہور سے پکڑ لیا، شادی سے انکار پر پنچائت نے حسب معاہدہ 10 لاکھ روپے ہرجانہ نہ دینے پر اس کی ٹریکٹر ٹرالی قبضہ میں لے لی۔ بتایا جاتا ہے کہ نواحی گائوں کھنڈہ کے 40 سالہ محمد افضل بشیر نے پہلی بیوی کی فوتگی پر دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کیا جس پر قریبی گائوں میں 30 سالہ خاتون سے شادی طے ہوگئی اور اس دوران پنچائت نے فیصلہ کیا کہ دولہا یا دلہن والے کوئی بھی شادی سے انکار کرے تو انہیں دس لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنا پڑیگا۔ بعدازاں باہمی اتفاق رائے سے شادی کی تاریخ طے پاگئی عین شادی کے موقع پر دولہا گھر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔