لاہور/ گوجرانوالہ (خبرنگار+ نمائندہ خصوصی) ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈائون گزشتہ روز بھی جاری رہا‘ پچھلے 48 گھنٹوں میں ریجن بھر میں انسانی سمگلروں کو ڈیپورٹ ہو کر آنے والے افراد کی شکایات پرحراست میں لے کر مقدمات کا اندراج کیاگیا۔ خالد انیس کے مطابق غیر قانونی طریقوں سے یونان‘ لیبیا اور یورپ بھجوانے کے کاروبار میں ملوث لاہور سے انسانی سمگلر سجاد علی جبکہ سیالکوٹ میں کامیاب ریڈ کرتے ہوئے انسانی سمگلر نیئر قریشی‘ ہمایوں بلال کوحراست میں لے لیاگیا۔ ان کے قبضہ سے جعلی بنک دستاویزات، جعلی ڈگریاں،خالی اسٹامپ پیپر سمیت دیگر کاغذات اور 37پاکستانی پاسپورٹ قبضہ میں لئے گئے۔ مانگٹ منڈی سے محمداکرم کو گرفتار کیاگیا جبکہ اشتہاریوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلر تنویر احمد‘ حاجی بشیر کو گجرات سے جبکہ انسانی سمگلنگ میں ملوث محمد سرور کو جلال پور جٹاں سے گرفتار کرلیاگیا، ملزمان 2013 سے ایف آئی اے گوجرانوالہ کے اشتہاری تھے۔ ملک بدر ہو کر آنیوالے عنصر عبا س کی نشاندہی پر افضال احمد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایران، ترکی کے راستے پاکستانیوں کو یورپ بھجوانے والے انسانی سمگلر ملک عمیر کو بھی پکڑ لیا گیا۔ ملزم نے 10 افراد کو گزشتہ ہفتے ہی ترکی بھجوایا تھا۔ دوسری طرف مستقبل کے سہانے سپنے لیکر بیرون ملک جانے کے خو اہشمند تر کی سے ڈیپو رٹ ہو نیوالے37 نو جوانوں کو ایف آئی اے نے علا قہ مجسٹریٹ کی عدالت میں بھیڑ بکریو ں کی طر ح رسی سے باندھ کر پیش کر دیا۔ علاقہ مجسٹریٹ ملک اللہ یار نے ڈیپورٹ ہونیوالے نو جو انوں کو جو ڈیشل ریما نڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیدیا۔ ایف آئی اے نے نوجوانوں کو ہتھکڑیاں نہ ہونے کی وجہ سے ایک ہی رسی کے سا تھ باندھ کر بھیڑ بکریوں کی طرح عدالت میں پیش کیا۔
لاہور،گوجرانوالہ: ایف آئی اے کا انسانی سمگلروں کیخلاف کریک ڈائون جاری، 9 گرفتار
Nov 26, 2015