اسلام آباد(آن لائن) وفاقی دارالحکومت میں قائم بنگلہ دیشی سفارت خانے نے پاکستانی ملازمین کو رخصت پر بھیج دیا، بنگلہ دیش حکومت نے اپنا سفارت خانہ عدالتوں کی جانب سے سیاستدانوں کو پھانسیاں دیئے جانے کے ممکنہ رد عمل کے پیش نظر بند کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کی حکومت کی طرف سے سیاسی انتقام اور پاکستان دشمنی کی بھینٹ چڑھنے والے دو سیاستدانوں علی احسن مجاہد اور نیشنل پارٹی کے صلاح الدین قادر چوہدری کو دی گئی پھانسی پر پاکستان میں ممکنہ رد عمل کے پیش نظر اسلام آباد میں بنگلہ دیشی سفارت خانہ بند کردیا گیا ہے جبکہ پاکستانی ملازمین کو رخصت پر بھیج دیا گیا ہے ۔سفارت خانے کے نمبر پر کال کی گئی تو نمبروں پر بنگالی زبان میں آٹو میٹک آنسرنگ مشین کام کررہی تھی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ جس پرائیویٹ عمارت میں بنگلہ دیش کا سفارت خانہ تھا اس کوٹھی کے مالک نے سفارت خانے کیساتھ کنٹریکٹ ختم ہونے پر دوبارہ معاہدہ نہ کرنے بارے سفارت خانے کو مطلع کردیا ہے۔
پھانسیوں کا ممکنہ رد عمل، بنگلہ دیش نے اسلام آباد میں سفارتخانہ بند کر دیا
Nov 26, 2015