بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی اورکراچی میں پی این ایس مہران پرحملہ ایک ہی سازش کی کڑی تھی دفاعی ماہرین

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئیڈیاز2016 دفاعی نمائش میں شریک دفاعی ماہرین نے کہاہے کہ بھارتی آبدوزکی پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی اورکراچی میں پی این ایس مہران پرحملہ ایک ہی سازش کی کڑی تھی۔جن کے پیچھے پاکستان کے دیرینہ دشمنوں کاہاتھ اب بے نقاب ہوچکاہے۔بھارتی آبدوزکی پاکستانی حدود میں آمدچینی سب میرین کے بحیرہ ہندکے خفیہ سفر کاجواب تھاجسے پاکستان نیوی نے ناکام بنادیا۔اس ضمن میں ماہرین نے بتایاکہ پی این ایس مہران پرحملہ آوردہشت گردوں نے سمندر جارحیت روکنے میں اہم اہمیت کے حامل پی تھری اورین جہازوں کونشانہ بنایا جو آبدوز کی نشاندہی کرنے اورمیری ٹائم نگرانی کاخصوصی ہتھیارہے تاہم الحمداللہ پاکستان کے پاس یہ صلاحیت اب بھی نہ صرف موجود بلکہ پہلے سے زیادہ موثرہوچکی ہے۔ماہرین نے کہاکہ سمندرمیں چلنے والی آبدوز سے مقناطیسی لہریں پیدا ہوتی ہیں اورجہازمیں لگے آلات ان مقناطیسی لہروں کے ذریعے آبدوزکی موجودگی کا پتہ چلاتے ہیں۔پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کے بارے میں بھارتی خام خیالی غلط ثابت ہوگئی اور اس ہی ٹیکنالوجی کے ذریعے بھارتی آبدوز کا سراغ لگایاگیا۔ماہرین نے خیال ظاہر کیاکہ بھارتی آبدوزکی پاکستانی حدودمیں آمدکامقصد کسی مخصوص ہدف کونشانہ بنانانہیں تھا، بھارت کا سمندری ایڈونچر چینی آبدوز کی بحرہ ہند میں خاموشی سے سفر کاجواب تھا جسے پاکستان نیوی نے ناکام بنادیا۔
دفاعی ماہرین

ای پیپر دی نیشن