لاہور (سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بورس جانسن نے کہا پنجاب خصوصاً لاہور میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، برطانوی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے آئیں گی۔ انہوں نے کہا تعلیم، انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر شعبوں میں پنجاب حکومت نے نمایاں کام کیا ہے اور پنجاب پاکستان کا معاشی انجن ہے۔ ملاقات میں شہباز شریف نے کہا دہشت گردی کے خاتمے اور توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے گئے ہیں۔ پنجاب میں برطانوی ٹیکس پیئرز کے پیسے کا انتہائی شفاف اور درست استعمال یقینی بنایا گیا ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا آج پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ، پرامن اور معاشی طور پر مستحکم ہے۔ وزیراعلیٰ نے بورس جانسن کی جانب سے جناح کانفرنس کے انعقاد کیلئے تعاون کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا۔ دریں اثناءبرطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا پاکستان تجارتی حب اور جنکشن کا کردار ادا کرے گا، سی پیک منصوبہ خوش آئند ہے، برطانوی کمپنیاں سی پیک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں، اس لئے دونوں ملکوں کو سکیورٹی اور تجارت کے معاہدے کرنے چاہئیں۔ جی سی یونیورسٹی میں خطاب کرتے انہوں نے کہا اپنے دور کی عمارتیں دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بہت خوبصورت شہر ہے۔ یہ لندن سے بڑا شہر ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ سا¶تھ ایشیا کا دنیا سے رابطہ کم تھا لیکن دنیا سے رابطوں کی وجہ سے یہاں سرمایہ کاری آرہی ہے۔ پاکستان سا¶تھ ایشیا کا معاشی جنکشن بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور کی بجائے کراچی کو ایشیا کا اقتصادی حب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا فری ٹریڈ اقتصادی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا آج کی دنیا میں تجارت اور امن پر فوکس ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے علامہ اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی ا ور بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا۔
برطانوی وزیر خارجہ
پاکستان خطے کا معاشی جنکشن بن رہا ہے برطانوی کمپنیاں سی پیک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں بورس جانسن
Nov 26, 2016