اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور کیوبا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دور ہوانا میں منعقد ہوا ہے جس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ ڈاکٹر اسد ایم خان نے پاکستان جبکہ نائب وزیر خارجہ ایبلارڈو مورینو فرنینڈز نے کیوبن وفد کی قیادت کی۔ مشاورت کے اس دور کے نتیجہ میں پاکستان اور کیوبا نے تجارت، سرمایہ کاری، ادویہ سازی اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری دفتر خارجہ نے کیوبا میں وزیر خارجہ مارسلینو مدینہ گونزالیز، نائب وزیر تجارت و سرمایہ کاری مس الینا نونیز مارڈوچے، اور معاون وزیر صحت مس مارسیا کوباز روئیز سے ملاقاتیں بھی کیں۔ مزاکرات میں دوطرفہ کے علاوہ باہمی دلچسپئی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ امن و سلامتی کی مجموعی عالمی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں اطراف نے گزشہ ایک دہائی میں دوطرفہ تعاون کے شعبوں میں بڑہتے تعلقات کو سراہا اور ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری ، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور خاص طور پر صحت و ادویات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اگلے سال مارچ میں ہوانا میں پاکستان کا ثقافتی ہفتہ منایا جائے گا۔ کیوبا نے پندرہ ہزار میٹرک ٹن چاول کے تحفے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ اگلے دو سالوں میں پاکستانی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے کیوبا کو ایک سو وظائف کی پاکستانی پیشکش کو سراہا۔ کیوبا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ بھارت کی طرف سے جارحانہ اقدامات سے خطہ میں امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
ہوانا میں پاکستان اور کیوبا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دور
Nov 26, 2016