جھنگ (نامہ نگار) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی ادارے مضبوط کرنے کا دعویٰ کرنے والا وزیر اعظم خود پارلیمنٹ سے غیر حاضر رہ کر اسے کمزور کر رہا ہے۔آج ملک میں موجود لولی لنگڑی جمہوریت پیپلز پارٹی اور بے نظیر بھٹو کی مرہون منت ہے۔ جب پیپلز پارٹی نے طالبان سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا تھا تو ہماری اس پالیسی پر سب نے اعتراض کیا لیکن نواز شریف کی حکومت اقتدار میں آنے کے بعد ایک سال تک یہی طے نہ کر سکی کہ دہشت گردوں کے خلاف طاقت کا استعمال کرنا ہے یا ان کے ساتھ مذاکرات کی میز سجانا ہے حتیٰ کہ آرمی پبلک سکول کا سانحہ رونما ہو گیا جس کے بعد ضرب عضب شروع کر دیا گیا اور دہشت گردوں کے خلاف وہی ملٹری آپریشن کیا گیا جو پیپلز پارٹی کی حکومت چاہتی تھی۔ آج ملک کی تمام سیاسی جماعتیں پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کو اپنائے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جھنگ میں یکم دسمبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سرفراز ربانی کے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیدوار سرفراز ربانی، آغا طارق گیلانی، ذوالفقار چوہدری ، ملک ظفر عباس ٹوانہ، نواز بلوچ، سرفراز بھٹو ، چوہدری فہیم عباس، شاہد اقبال پاشا ،عامر رمضان ،چوہدری ارشد گجراور دیگر کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ایک باکردار جرنیل ہیں جنہوں نے اپنے کردار سے ملک اور جمہوریت کو بچایا۔ انہوں نے کہا کہ فوج ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر توجہ ہٹانے کے لئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں میں مصروف ہے لیکن نام نہاد انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی زبان اس اہم مسئلہ پر خاموش ہے۔