لاہور (فرخ سید خواجہ) پنجاب بھر کی میونسپل کارپوریشنوں اور ضلع کونسلوں سمیت میونسپل کمیٹیوں کے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں پر امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) تقسیم ہوگئی ہے۔ نوازشریف نے ماضی قریب میں کہا تھا کہ ان امیدواروں کا فیصلہ وہ خود کرینگے۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعظم ہاﺅس اور وزیراعلیٰ پنجاب کی سیاسی ٹیموں سے رائے طلب کی کہ امیدواروں کی ٹکٹ کے لئے کیا طریقہ اختیار کیا جائے۔ مشاورت میں وزیراعظم کی ٹیموں نے متعدد اضلاع میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی ان عہدوں کے لئے گروپنگ کا جواز دے کر ان عہدوں کو اوپن رکھنے کی رائے دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب آفس کے پبلک افیئر یونٹ کی رائے ہے کہ جن جن اضلاع میں مسلم لیگ (ن) کی اکثریت ہے وہاں قیادت خود ٹکٹوں کا فیصلہ کرے جس کی پابندی سب پر لازمی ہونی چاہیے۔ ذرائع نے بتایا ہے نوازشریف نے اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا وہ بلدیاتی نمائندوں کے حلف اور میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین کے انتخابات کے لئے الیکشن کمشن کی طرف سے شیڈول آنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔
مسلم لیگ ن تقسیم
نجاب بھر کی میونسپل کارپوریشنوں اور ضلع کونسلوں سمیت میونسپل کمیٹیوں کے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں پر امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) تقسیم ہوگئی
Nov 26, 2016