لاہور (نیوزرپورٹر)میو ہسپتال انتظامیہ کی عدم توجہ سے مریض علاج معالجے کے لئے ذلیل و خوار ہونے لگے ۔تفصیلات کے مطابق میو ہسپتال کے آنکالوجی وارڈ(کینسر وارڈ )میں داخل مریضوں کو کئی ماہ سے پیکلی ٹیکزال انجکشن دستیاب نہیں ہے جس کے باعث کینسر کے مریض کیمو تھراپی سے محروم ہو گئے ہیں مریضوں کو جان بچانے کے لئے پرائیویٹ ہسپتال میں علاج معالجہ کروانا پڑ رہا ہے ۔مریضوں کا کہنا ہے کہ آنکالوجی وارڈ کے سٹور میں پیکلی ٹیکزال انجکشن پچھلے کئی مہینوں سے دستیاب نہیں، ۔مریضوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں انجکشن نہ ملنے کی وجہ سے پرائیویٹ کمپنیاں انجکشن کی اصل قیمت 5300 روپے کی بجائے 15000 روپے تک فروخت کر رہی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صحت پنجاب اور میو ہسپتال کی جانب سے غریب مریضوں کی داد رسی نہیں کی جارہی ۔اس بارے میں ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ پیکلی ٹیکزال انجکشن کینسر کی چوتھی سٹیج میں استعمال کیا جاتا ہے ۔مریض کو یہ انجکشن 30روز میں ایک بار لگناہوتا ہے ہسپتال کا عملہ مریضوں کو انجکشن نہیں ہے یا تو خود خرید لیں یا انتظار کریںکا بار بار یہی جواب دیتے ہیں ۔ مریضوں نے خادم اعلیٰ پنجاب اور مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے کینسر کی ادویات کی عدم فراہمی پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔