دفتر خارجہ اسلام آباد میں پاکستان اور سوئزر لینڈ کے درمیان سیاسی مشاورت

Nov 26, 2016

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور سوئیٹزرلینڈ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دور جمعہ کو یہاں منعقد ہوا جس میں پاکستانی وفد نے مہمان وفد کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف  سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ ظہیر اے جنجوعہ جبکہ سوئس وفد کی قیادت اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے ایشیاءبحرالکاہل جوہانس متیاسی نے کی۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوو¿ں پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعاون میں اضافے خاص طور پر تجارتی و ترقیاتی شعبوں میں اضافے کے لئے امکانات اور مواقع پر بات کی۔ دونوں اطراف نے خطہ میں موجودہ امن و سلامتی کے ماحول پر بھی بات چیت کی۔ باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقوام متحدہ اور دوسرے فورموں پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑہانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ سوئس وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی جس میں مشیر خارجہ نے سوئیٹزرلینڈ کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سوئس وفد کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور لائن آف کنٹرول و ورکنگ باو¿نڈری پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

مزیدخبریں