سینٹ: فوجداری قوانین میں مزید ترمیم کا بل منظور، سعودی عرب میں پاکستانیوں کی مشکلات سے متعلق تحریک التواءمسترد

Nov 26, 2016

 اسلام آباد ( نامہ نگار+ ایجنسیاں)سینٹ نے فوجداری قوانین میں مزید ترمیم کا بل دو ہزار سولہ متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ بل کے مطابق پاکستان پینل کوڈ کے تحت غلط معلومات، جبری شادی اور بے گناہ کو قتل کرنے پر سزاو¿ں میں اضافہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں مذکورہ بل فوجداری قوانین میں ترمیم کا بل دو ہزار سولہ وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوجداری قوانین میں شق سات کا اضافہ کیا گیا جس کے تحت جبراً شادیوں کی سزا سات سے بڑھا کر دس سال کر دی گئی ہے۔ اس شق میں چائلڈ لیبر، بے گناہ قتل، فرقہ واریت یا مذہبی فسادات کے جرائم پر سزاو¿ں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سینٹ نے تنخواہ کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کے حقیقی مطالبے کو پورا کرنے پر وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو مبارکباد دینے کی قرارداد کی منظوری دیدی۔اس حوالے سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان اسحاق ڈار کی اس کاوش کو سراہتا ہے۔ علاوہ ازیں اپوزیشن کے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے بل پر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے رولنگ دیتے ہوئے کہاہے کہ قائمہ کمیٹی کے کسی بل کو سینٹ میں پیش کئے جانے سے نہیں روکا جا سکتا۔ کمیٹی اس بل کو دیکھ سکتی ہے۔چیئرمین کمیٹی جاوید عباسی نے پانامہ پیپرز انکوائریز بل 2016 پر چیئرمین سینٹ سے رولنگ مانگی تھی۔دوسری جانب توجہ دلا¶ نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے سینٹ کو بتایا ہے کہ پاکستان میں پاک ترک سکول بند نہیں کئے جائیں گے‘ تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔کچھ ترک اساتذہ اور انتظامی افراد نے خود واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاک ترک سکولوں میں کام کرنے والوں کو کسی کے حوالے نہیں کیا جارہا‘ وہ کہیں بھی جانے کے لئے آزاد ہیں تاہم ویزے کی مدت نہیں بڑھائی جارہی۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے توجہ دلا¶ نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سے 320 میگاواٹ پیداوار دسمبر میں شروع ہو جائے گی۔ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سے آزمائشی پیداوار جاری ہے۔ وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ بہارہ کہو ہاﺅسنگ سکیم پر کام جلد شروع ہو جائے گا۔ اس سکیم کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ پانچ ارب 83 کروڑ روپے تھا۔پروجیکٹ 2009ءمیں شروع ہوا تھا اور مختلف وجوہات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔ وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے کہا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ میں سابق چیئرمین کی جانب سے تقرریوں میں اقلیتوں کے پانچ فیصد کوٹے کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا۔ یہ تقرریاں منظور کردہ تعداد سے زیادہ تھیں لہٰذا اس پر کارروائی کے لئے کیسز نیب اور ایف آئی اے کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔وزارت پٹرولیم نے اپنے تحریری جواب میں سینٹ کو بتایا ہے کہ پاکستان نے ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں گیس کی خریدوفروخت کے معاہدے میں ترمیم کے لئے ایک مسودہ حکومت ایران کو بھجوا دیا ہے۔ مناسب وقت میں طریقہ کار کے مطابق ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے فنڈز بھی مختص کردیئے جائیں گے۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال نے کہا ہے کہ تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کیلئے اپنی سالانہ آمدنی کا دو فیصد حصہ اپنے لائسنس والے علاقوں کی ترقی پر خرچ کرنے کی کوئی شرط نہیں۔دوسری طرف سینٹ میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی مشکلات سے متعلق تحریک التواءکا معاملہ مسترد کردیا گیا۔ جمعہ کو ایوان بالا کے ایجنڈے میں سینیٹر طاہر حسین مشہدی کی اس حوالے سے تحریک التواءبھی شامل تھی لیکن چیئرمین نے اسے منظور نہیں کیا۔جبکہ سینیٹر محسن عزیز نے کی۔ سینٹ میں برآمدات ‘ ترسیلات اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی سے متعلق تحریک التواءکا معاملہ بھی مسترد کردیا گیا۔ دوسری طرف سینٹ میں کمپنیات (لیگل ایڈوائزرز کی تقرری) (ترمیمی) بل 2016ءپر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی رپورٹ پیش کردی گئی۔ جنوبی وزیرستان میں صحت و تعلیم کے محکموں کی سکیموں سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی۔

مزیدخبریں