تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے ثبوت آ گئے ہیں۔ عدالتی فیصلہ تاریخ ساز ہو گا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا وزیراعظم نے تقریروں میں کبھی قطر کا ذکر نہیں کیا۔ پانامہ میں انکشاف نہ ہوتا تو شریف فیملی کبھی لندن میں فلیٹس کی ملکیت نہ مانتی۔ دل چاہتا ہے اس کیس پر خود دلائل دوں۔ نواز شریف کے ذہن میں بھی نہیں تھا کہ معاملہ عدالت میں آ جائیگا۔ دریں اثناءپی ٹی آئی نے بھارتی جارحیت سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے مطابق بان کی مون کے نام خط کے ذریعے بھارتی جارحیت کے عزائم کو بے نقاب کیا جائے گا۔بان کی مون کے نام خط میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائیگا۔ اجلاس میں کہا گیا حکومت کے پاس بیانات کے علاوہ بھارت سے نمٹنے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ وزیراعظم کی کمزور اخلاقی ساکھ ملکی سلامتی اور ریاستی مفادات کیلئے تباہ کن ہے۔