شرح سود5.75فیصد پر برقرار, مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے، روپے کی گردش میں کمی آئی: سٹیٹ بنک

Nov 26, 2016 | 20:44

ویب ڈیسک

سٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کیلئے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ شرح سود اگلے 2 ماہ کے لیے 5 اعشاریہ 75 پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق مہنگائی میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے اور اکتوبر 2016 میں مہنگائی کی شرح 4 اعشاریہ 2 فیصد رہی۔ سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق مہنگائی کی شرح میں اکتوبر 2015کے بعد سے اضافے کا رجحان ہے، مہنگائی کی شرح میں اکتوبر2015کے مقابلے میں 1 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق عالمی خام تیل کی قیمتیں مہنگائی پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ مانیٹری پالیسی بیان مےں کہا گیا مجموی طور پر ملکی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ حکومت کی جانب سے بنکوں کو قرض کی واپسی اور بنک ڈپازٹس میں اضافہ سے روپے کی گردش میں کمی آئی ہے۔ مرکزی بینک کا کہنا تھا گذشتہ تین برس سے ملکی معیشت مسلسل بیرونی اثرات کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر چار ماہ سے زائد کی درآمدات کی ادائیگیوں کے لئے کافی ہیں تاہم مالی سال 2017 میں غیر تجارتی رقم کا غیر یقینی ہونا جاری کھاتوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں