کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) اولڈ گولی مار فٹبال اسٹیڈیم میں جاری آل کراچی کیپٹن اسماعیل و میر محمد میرایادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں پانچ میچوں کے فیصلے ہوگئے۔پہلے میچ میں پھول پتی اسٹار نے عمر اسٹار ملیر کو1-0 سے مات دی۔ میچ کے آغاز میں ہی پھول پتی اسٹار نے عمر اسٹار ملیر کے گول پر دبائو بڑھاتے ہوئے حملے شروع کردیئے ،اور کھیل کے8 ویں منٹ میں زوہیب نے گول کرکے اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری دلوادی ،پہلے ہاف میں پھول پتی اسٹار کی ٹیم1-0 سے جیت رہی تھی۔دوسرے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔دوسرے میچ میں بلوچ اسٹار ملیر نے پاک جوہر ایف سی کو2-0 سے ہرانے میں کامیاب رہی۔ بلوچ اسٹار کو پہلے ہاف کے23 ویں منٹ میں اویس نے گول کرکے 1-0کی برتری دلوادی۔ وقفے پر بلوچ اسٹار ملیر کو 1-0کی سبقت حاصل تھی۔ دوسرے ہاف کے آغاز ہی میں46 ویں منٹ میں بلوچ اسٹار کی طرف سے دوسرا اور میچ میں اپنا دوسرا گول بھی اویس نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو2-0سے سرخرو کردیا۔ پاک جوہر کی ٹیم گول اسکور کرنے میںکامیاب نہیں ہوسکی۔تیسرے میچ میں شفیع الیون نے ینگ بلوچ کو مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی ککس 3-2پر سے شکست دی۔دوران میچ شفیع الیون کی جانب سے47 ویں منٹ میں ثناء اللہ نے گول اسکور کیا۔ ینگ بلوچ کا گول 54ویں منٹ میں مرتضیٰ نے بنایا۔چوتھے میچ میں ماڑی پور بلوچ نے لعل اسپو رٹس ڈالمیا کو ایک سخت مقابلے کے بعد2-1 سے قابو کرلیا۔ پانچویں میچ میں آغا خان جم خانہ نے شرافی محمڈن کو2-0 سے شکست دیدی۔صدام نے پہلے ہاف کے18 ویں منٹ میں گول بناکر اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری دلادی۔ جس کو پہلے ہاف کے 22ویں منٹ میں عرفان نے گول کرکے ٹیم کی برتری کو2-0 کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر آغا خان جم خانہ کی ٹیم2-0 سے جیت رہی تھی۔ دوسرے ہاف کے اختتام پر آغا خان جم خانہ اور شرافی محمڈن کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کے نصف درجن مواقع ضائع کئے۔ریفری نے جب اختتامی وسل بجائی تو آغا خان جم خانہ کی ٹیم 2-0سے فاتح بن کر میدان سے باہر آئی۔