کوئٹہ(امجد عزیز بھٹی سے) کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر خودکش دھماکے میں خاتون اور بچے سمیت 5افراد شہید 21زخمی، دھما کے میں کمانڈنٹ چلتن رائفلز کرنل اشتیاق کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم وہ گاڑی میں موجود نہیں تھے، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے جائے وقوعہ پر دھماکہ خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا پیدل حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا، جائے وقوعہ سے خود کش حملہ آور کا سر اور ٹانگیں تحویل میں لی گئی ہیں۔ واقعہ کے بعد علاقے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنائی دی۔ ترجمان سول ہسپتال ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کی نعشیں سول ہسپتال لائی گئیں جن میں خاتون نرگس 10سالہ عالیان، محمد حمزہ، حبیب اللہ، نذیر شا مل ہیں۔ ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں کمسن بچیاں مہک، الشبہ خاتون عالیہ، ارشاد، قمبر ،صدام حسین، طالب حسین، یاسر، محمد ناصر، اختر محمد، ذکیہ ،شمیم، یعقوب آغا ،میاں خان ،عبدالرحمن ،غلام دستگیر نائب خان ، میر خان، میر محمد ،محمد نسیم ،محمد وارث،خدا بخش،محمد اعجاز اور ارشد شامل ہیں تمام زخمیوں کو ٹراما سینٹر کوئٹہ میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے دھما کے میں معمولی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا جبکہ ہفتے کی شام تک 13زخمی ہسپتال میں داخل تھے۔ واضح رہے سکیورٹی فورسز پر رواں ماہ کا یہ تیسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن حامد شکیل ،ایس پی محمد الیاس بھی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔ صدر، وزیراعظم نے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ سریاب روڈ پر دھما کے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ خودکش تھا ،محکمہ شہری دفاع کے بم ڈسپوزل سکواڈ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کو سریاب روڈ پر دکا نی با با کی زیارت کے قریب ایف سی کی گاڑی پر ہونے والا دھما کہ خودکش تھاجس میں 8سے 10کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعما ل کیا گیا۔ وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سریاب روڈ پر خودکش دھما کے کی شدید الفاظ میں مذمت اور واقعہ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے بیان میں انہوں نے کہا بزدل دہشتگردوں نے ایک مر تبہ پھر نہتے اور بے گنا ہ لوگوں کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تما م ہسپتا لوں میں ایمر جنسی نافذ کر کے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ شہر میں حفا ظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پولیس اور فرنٹیئر کور نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے اس لئے وہ دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں سریاب روڈ پر دھماکہ خودکش تھا ایف سی کے کرنل اشتیاق کو نشانہ بنا یا گیا تاہم وہ گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ جائے وقوع کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ پر حملہ کر نے والے خودکش بمبار کے جسم کی اعضاء ملے ہیں جبکہ فرانزک ٹیم لاہور سے کوئٹہ آرہی ہے جو مزید شواہد اکھٹے کر ے گی انہوں نے کہا ہم حالت جنگ میں ہیںسیکورٹی فورسز نے صوبے سے دہشگردی کی جڑیں کمزور کی ہیں یہی وجہ ہے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ ڈی آئی جی حامد شکیل پر حملے کی تحقیقات جاری ہیںجلد ملوث عناصر قانون کی گرفت میں ہونگے انہوں نے کہا ہم نے اس سے پہلے بھی دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے اور کئی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ خود کش حملے کے بعد کوئٹہ شہر میں خوف و ہرا کی لہر دوڑ گئی اور سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی۔ کئی علاقوں میں کاروباری مراکز بند رہے۔ پولیس اور ایف سی کا گشت بڑھا دیا گیا اور مختلف علاقوں میں چیکنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ خود کش حملے کے بعد علاقے کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے کر ملزموں کی تلاش شروع ک ردی گئی اور کئی علاقوں سے مشکوک افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری اقبال شاہ اور دیگر نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر سردار طارق احمد جعفری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ملک دشمن عناصر ایک منصوبے کے تحت سکیورٹی فورسز اور نہتے شہریوں کو دہشت گردی اور بم دھماکوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ضلع کوہلو میں بارودی سرنگ دھماکہ میں ایک شخص جاں بحق لیویز ذرائع کے مطابق کوہلو کی تحصیل کاہان کے علاقے نسائو میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے موٹر سائیکل ٹکرا گئی۔
کوئٹہ: کمانڈنٹ چلتن رائفلز کی گاڑی کے قریب خودکش حملہ، خاتون، بچے سمیت5شہید،22زخمی
Nov 26, 2017