کراچی (سٹاف رپو رٹر ) سابق وزیرِپٹرولیم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین علاج معالجے کے لیے لندن روانہ ہوگئے۔ وہ غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لندن روانہ ہوئے جبکہ اپنی روانگی سے قبل ویڈیو پیغام میں انہوں نے پاکستان واپسی پر سیاست میں اہم کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کراچی ڈویژن کے صدر کے عہدے سے برطرفی اور پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا وہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کے ایک وفادار ساتھی ہیں اور ان کے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ ان جیسے سیاسی کارکن کے لیے پی پی پی کے علاوہ کسی دوسری جماعت میں جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا وہ بہت جلد اپنے علاج کے بعد پاکستان واپس آکر پی پی پی لیڈرشپ کی رہنمائی میں سیاست میں ایک اہم کردار ادا کریں گے۔ڈاکٹر عاصم حسین کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر پٹرولیم اکیلے لندن روانہ ہوئے ہیں جبکہ ڈاکٹر کے مشورے کے بعد وہ واپس پاکستان آئیں گے۔واضح رہے کہ ان کا نام گزشتہ روز عدالتی حکم پر ای سی ایل سے نکا لا گیا تھا ۔
.پیپلز پارٹی کا کا رکن ہو ں ،ڈاکٹر عاصم علا ج کیلئے لندن چلے گئے
Nov 26, 2017