اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد دھرنے میں موجود مذہبی جماعتوں نے بھارت سے رابطہ کیا ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ وزیر داخلہ احسن اقبال کی سرکاری نیوز چینل پی ٹی وی سے گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے برطانوی خبر رساں ادارے نے کہاکہ مظاہرین سازش کرنے والوں کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں، ان کے پاس ایسی معلومات اور ایسے وسائل موجود ہیں جو ریاست کے خلاف استعمال ہو تے ہیں۔ ہمیں اس کے پیش نظر اپنی حکمت عملی بنانی ہے اور حکومت کے ادارے اس پر کام کر رہے ہیں۔ میں عوام سے بھی اپیل کروں گا کہ وہ ملک میں اس وقت کسی بھی قسم کی بدامنی کی سازش سے دور رہیں۔ یہ ختم نبوت کے عقیدے سے دشمنی ہے کہ آپ قوم کی صفوں میں انتشار پیدا کر رہے ہیں اور اپنی سیاست کے لیے ختم نبوت کے عقیدے کو استعمال کررہے ہوں۔ احسن اقبال نے کہا کہ انہوں (فیض آباد پر دھرنا دینے والے مظاہرین) نے انڈیا کے ساتھ رابطہ کیا تو کیونکر کیا، ہم یہ بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔ یہ وہ چیزیں ہیں جو بتاتی ہیں کہ یہ لوگ اتنے سادہ نہیں ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے تاہم دھرنے کی جگہ کلیئر کرانا حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے اور حکومت اور انتظامیہ عدالتی فیصلوں کی پاسداری کرتے ہوئے آپریشن کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مظاہرین کے خلاف آپریشن کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ دھرنے والوں کے خلاف صبر کا مظاہرہ کیا گیا تاہم عدالتی احکامات کی روشنی میں آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ دھرنا دینے والی جماعت کے ساتھ مذاکرات کی کوشش ناکام رہی اور انتظامیہ عدالتی حکم کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) فیض آباد دھرنے میں سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے واٹر کینن کے استعمال پر علامہ خادم حسین رضوی نے سکیورٹی فورسز کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیا تم لوگ پاگل ہو‘ واپس چلے جا¶‘ اپنے افسروں کو کہہ دو یہ تمہارا کام نہیں‘ ایف سی کو تشدد سے روکنے کےلئے ایک شخص نے کنٹینر سے پشتو میں خطاب کیا۔ فیض آباد میں دھرنے کیخلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران جب سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے واٹر کینن استعمال کیا گیا تو علامہ خادم حسین رضوی نے کنٹینر سے سکیورٹی فورسز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا تم لوگ پاگل ہو‘ واپس چلے جا¶‘ اپنے افسروں کو کہہ دو یہ تمہارا کام نہیں‘ ایف سی کو تشدد سے روکنے کےلئے ایک شخص نے کنٹینر سے پشتو میں خطاب کیا۔ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ احسن اقبال جھوٹ بول رہے ہیں جب ہماری مذاکراتی ٹیم ان کے پاس جاتی ہے تو آگے سے کہہ دیتے ہیں یہ میرے پاس مدینہ منورہ کا کپڑا ہے اور میری ماں اس جگہ دفن ہے‘ ہمارا سوال یہ نہیں ہے ہمیں بتائے کہ ختم نبوت کا ڈاکو کون ہے اگر تمہارا کوئی لیڈر ہے وہ بھی ہمیں بتائے۔ ہم لاہور سے اسلام آباد صرف یہ پوچھنے نہیں آئے کہ تمہاری ماں کہاں دفن ہے۔ پاکستان لیڈروں کی بدمعاشیوں کےلئے نہیں بنا ہے۔ پاکستان اللہ اور رسول اللہ کے نظام کےلئے بنا ہے۔ اگر زاہد حامد نہیں ہٹ سکتا تو سارے اپنے عہدوں سے ہٹ جائیں۔