کابل(این این آئی)افغان ایئر فورس کے حملے میں طالبان کا ایک اہم کمانڈر ہلاک کر دیا گیا ،اسی طرح حکومتی فوج نے راکٹ حملوں میں کم از کم بیس طالبان جنگجْوؤں کو بھی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کاپیسا صوبے کے گورنر کے ترجمان قیس قادری نے دلاور خان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان کے شمال مشرقی صوبے کاپیسا میں کیے گئے ایک حملے میں طالبان کا ایک سینیئر کمانڈر دلاور خان مارا گیا۔ اس کمانڈر کو ملکی جنگی طیاروں نے کاپیسا کے ضلع نِجراب میں نشانہ بنایا۔ رپورٹوں کے مطابق جس مکان پر کمانڈر مقیم تھا، اْس کی چھت سے طالبان باغیوں نے جنگی طیاروں پر فائرنگ بھی کی تھی۔کاپیسا صوبے کے گورنر کے ترجمان قیس قادری نے دلاور خان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حملے میں طالبان عسکریت پسندوں کے ہمراہ دو عورتیں اور تین بچے بھی ہلاک ہوئے ۔قادری کے مطابق طالبان کمانڈر کا بھائی حملے میں بچ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔