اسلام آباد میں آپریشن کے آغاز پر لاہور کے مختلف علاقوں میں احتجاج شروع ہوگیا۔ دکانیں‘ مارکیٹیں‘ سکول بند ہوگئے۔ مظاہرین کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دیں

لاہور (خصوصی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے+ سپیشل رپورٹر+ نامہ نگاران) اسلام آباد میں آپریشن کے آغاز پر لاہور کے مختلف علاقوں میں احتجاج شروع ہوگیا۔ دکانیں‘ مارکیٹیں‘ سکول بند ہوگئے۔ مظاہرین کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دیں۔ مشتعل مظاہرین نے تھانہ شاہدرہ پر حملہ کردیا اور متعدد گاڑیاں جلا دیں جبکہ مظاہرین اور پولیس میں ہونے والی جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ جھڑپوں کے بعد شہر سے پولیس غائب ہوگئی۔ مغل پورہ‘ باغبانپورہ‘ داروغہ والا‘ والٹن‘ راوی روڈ‘ شاہدرہ ودیگر علاقوں میں صبح سے ہونے والے احتجاج کے بعد ہزاروں مظاہرین پنجاب اسمبلی کے باہر پہنچ گئے اور دھرنا دیدیا جو رات گئے تک جاری رہا۔ شہر میں سڑکیں اور گلیاں سنسان ہوگئیں اور شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ رینجرز کو طلب کرلیا گیا۔ جبکہ مظاہرین نے شہر کے داخلی وخارجی راستوں کو بھی بند کردیا۔ کراچی، فیصل آباد‘ جھنگ‘ پنڈی بھٹیاں‘ اٹک‘ میانوالی‘ ملتان‘ شیخوپورہ‘ مریدکے سمیت لگ بھگ تمام اضلاع میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ مال روڈ پر ڈاکٹر آصف جلالی کی قیادت میں ہزاروں افراد نے پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا۔ مذہبی جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے مظاہروں کے ساتھ ساتھ وکلاءکی بڑی تعداد نے بھی پرامن جلوس نکالا‘ مظاہرین نے ایوان عدل سے ہائی کورٹ تک مارچ کیا اور فیصل چوک پنجاب اسمبلی کے باہر جمع ہوگئے اور نعرے بازی کی۔ وکلاءنے تقریباً ایک گھنٹے تک فیصل چوک میں دھرنا دیا اور اس کے بعد پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ داتا دربار کو بھی سکیورٹی کے پیش نظربند کردیا گیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور ان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔ نمائش چورنگی پر دھرنے کے شرکاءنے ایم اے جناح روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک ٹریفک کیلئے بند کردی۔ مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں کاروبار بند کرا دیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق آپریشن کے خلاف سیالکوٹ میں بھی مختلف مذہبی و سیاسی تنظیموں اور وکلاءنے احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ پولیس نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے گھر کے باہر خار دار تاریں لگا کر مکمل طورپر سیل کر دیا۔ کارکنوں نے ساہےوال عارفوالہ روڈ پر ٹرےفک جام کر نے کی کوشش کی لےکن پولےس نے ناکام بنا دی اور مظاہرے کی قےادت کر نے والے تحرےک لبےک کمےر کے صدر آصف بھٹی کو گرفتار کر لےا۔ کوئٹہ میں تنظےمات اہلسنت کے پلیٹ فارم سے مختلف مذہبی تنظےموں نے کوئٹہ کے ہاکی چوک پر مشتر کہ دھرنا دے دیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں آپریشن کو جلد از جلد ختم کیا جائے ےہ آپریشن امن و امان کی صوتحال کو مزید خراب کر نے اور ختم نبوت کی آواز کو بلند کرنےوالوں کو خاموش کروانے کے لئے کیا جارہا ہے۔ سوہدرہ سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اہلسنت سوہدرہ کے زیر اہتمام سوہدرہ اڈا سے ایک ریلی نکالی گئی۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق کھاریاں میں تحریک لبیک کے کارکنوں سے جی ٹی روڈ خالی کروانے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس پر مشتعل مظاہرین نے تھانے کا گھیراﺅ کرتے ہوئے تھانہ کے اندر داخل ہو کر فرنٹ ڈیسک دفتر اور ایس ایچ او کے کمرے میں موجود فرنیچر، کھڑکیاں، دروازے توڑ ڈالے جبکہ احاطہ میں کھڑی گاڑی اور موٹر سائےکلوں کو آگ لگا دی، بعدازاں کھاریاں کے تاجر، وکلاءبرادری بھی شامل ہو گئے۔ فیصل آباد میں بھی مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیاں جلوس اور دھرنے دیئے گئے جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ کراچی کی صورتحال کرنے کیلئے رینجرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے پولیس کے ساتھ ملکر صورتحال معمول پر لانے کے اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ میجر جنرل محمد سعید نے کہا کہ شہری قانون ہاتھ میں نہ لیں۔ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ کوٹ رادھاکشن سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تحریک لبیک کے کارکنوں نے مطالبات منظور نہ ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر مولانا محمد احمد برکاتی، مولانا ارشاد حسین، مولانا عمران جامی ود یگر نے خطاب کیا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق پولیس کی طرف سے اسلام آباد دھرنا پر حملہ کے خلاف شاہدرہ، کوٹ عبدالمالک، فیروزوالا، رانا ٹاﺅن اور کالا شاہ کاکو میں لبیک یارسول اللہ کے کارکنوں اور علمائے کرام کے احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے سڑکیں، ریلوے پھاٹک امامیہ کالونی اور انٹرچینج فیض پور موٹروے پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک معطل کر دی۔ شاہدرہ میں پولیس اہلکاروں پر تشدد بھی کیا گیا۔ مریدکے سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں ملک کے دیگر حصو ں کی طرح جی ٹی روڈ مریدکے، منوں آباد اور کالا شاہ کاکو کے علاقوں میں بھی ٹائروں کو آگ لگا کر ہر قسم کی ٹریفک روک دی گئی۔ لاہور میں مظاہروں کا آغاز ہوتے ہی میٹرو بس سروس بند کر دی گئی اور مظاہروں کے باعث لاہور میں دوسری ٹرانسپورٹ بھی بند ہو گئی۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پولیس تشدد لاٹھی چارج تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف تحریک لبیک یا رسول اللہ سنی تحریک اور دیگر مذہبی جماعتوں نے شیخوپورہ جام کر دیا، فیصل آباد رو، گوجرانوالہ روڈ، لاہور روڈ، سرگودھا روڈ، شیخوپورہ موٹروے انٹرچینج کو مکمل طور پر بند کرکے بتی چوک میں احتجاجی دھرنا دیا۔ حافظ آباد + ونیکے تارڑ سے نمائندہ نوائے وقت اور نامہ نگار کے مطابق سنی تنظیموں جماعت اہلسنت، سنی تحریک، جے یو پی، بزم کیلانی، جماعت الصفہ، سنی فیڈریشن کے کارکنوں اور شہریوں نے مختلف مقامات سے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شیخوپورہ کے وکلاءنے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے شرکاء دھرنا کے خلاف ہونے والے آپریشن اور انکی گرفتاریاں کے خلاف ڈسٹرکٹ بار سے احتجاجی جلوس نکالا۔ پھلروان چوک سے نامہ نگارکے مطابق صفدر آباد میں بھی لبیک یا رسول اللہ ریلی کا انعقاد ڈاکٹر عبدالر¶ف سالک کی قیادت میں ہوا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق گردونواح میں مضافاتی علاقوں سے سنی تحریک کے پروانے بھی مریدکے پہنچ گئے مظاہرین نے نماز ظہر عصر اور مغرب بھی جی ٹی روڈ پر ادا کی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی و گردونواح میں مذہبی تنظیموں، انجمن تاجران اور سماجی تنظیموں کے ہزاروں افراد نے حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور پورے شہر میں جگہ جگہ ریلیاں نکالی گئیں۔ بھوئے آصل سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ رادھا کشن میں علماءکرام کی اپیل پر شہر اور گرد و نواح کے علماءکرام کی قیادت میں سینکڑوں لوگوں نے ریلیاں نکالیں۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق طاہر شہید چوک (مانانوالہ پھاٹک) اور ننکانہ شاہکوٹ روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا اور مذکورہ روڈز کو ٹریفک کے لئے مکمل جام کر دیا گیا۔ خانقاہ ڈوگراں سے نامہ نگار کے مطابق خانقاہ ڈوگراں میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ شرکا ریلی نے مین جی ٹی روڈ بند کر دیا اور ڈھاباں چوک پر دھرنا دیا۔ الہ باد / ٹھینگ موڑ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چوک الہ آباد میں لبیک یا رسول اللہ کے کارکنان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان سنی فورس، انجمن طلبا اسلام، جماعت اہل سنت اور لبیک یا رسول اللہ کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق دھرنا آپریشن کے خلاف شرقپور شریف میں بھی مختلف مذہبی جماعتوں نے لاہور جڑانوالہ روڈ شرقپور شریف بڑا اڈا لاریاں پر ٹائر جلا کر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق تحریک لبیک کے کارکنان نے فیروزپور روڈ پر دھرنا دے دیا۔ پھولنگر سے نامہ نگار کے مطابق دوسرے شہروں کی طرح پھول نگر جمبر کلاں اور دیگر دیہاتوں میں بھی زبردست احتجاجی ریلیاں منعقد کی گئیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے میں مظاہرین نے مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت کی رخصت کا وقت آ چکا ہے نواز شریف اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے اور قوم کی توجہ ہٹانے کے لئے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ نواز شریف پانامہ لیکس اور اپنے خاندان کے دیگر جرائم سے توجہ ہٹانے کے لئے پوری قوم کو احتجاج میں جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق پنڈی بھٹیاں، ٹھٹھی بہلول پور، مصطفیٰ آباد، ٹھٹھہ خیر مٹمل میں سنی تنظمیوں نے احتجاجی ریلیاں نکالی۔ سادھوکے سے نامہ نگار کے مطابق لبیک یا رسول اللہ کے کارکنوں نے جلوس نکال کر جی ٹی روڈ پر ٹائروں کو لگ لگا کر ٹریفک بلا کر دی۔
مظاہرے

ای پیپر دی نیشن