;غربت میں کمی کیلئے پاکستان چین حکمران جماعتوں کا تعاون پر اتفاق

اسلام آباد (صباح نیوز) چین کی حکمران جماعت نے تحریک انصاف کے ساتھ غربت میں کمی کے لئے تعاون کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف کی ٹیم کو چین کے غربت سے نکالے گئے دیہی علاقوں کا دورہ کرایا گیا۔ یہاں پارٹی آفس سے جاری بیان کے مطابق غربت کے خاتمے کیلئے تحریک انصاف اور چینی کمیونسٹ پارٹی میں مشترکہ تعاون پر اتفاق ہوگیا۔ تحریک انصاف اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے قائدین نے غربت کی دلدل سے نکالے گئے دیہاتوں کا دورہ کیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد تحریک انصاف کے وفد کی قیادت کررہے تھے۔ دونوں جماعتوں کی قیادت مشرقی چین کے تاریخی مقام چوزا پہنچی چوزا پر چوزا میونسپل کمیٹی کے سیکرٹری سے ملاقات ہوئی۔ مشرقی چین میں غربت کے خاتمے کے پروگرام پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ ٹیم نے غربت کی دلدل سے نکلنے والے علاقوں کا مفصل دورہ کیا۔ رہنما چینی کمیونسٹ پارٹی زو وان کوانگ نے کہا چین پاکستان کا ہمسایہ اور عزیز دوست ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نے حالیہ دورہ چین کے دوران غربت کے خاتمے میں نہایت دلچسپی کا اظہار کیا۔ چین غربت جیسے ناسور سے چھٹکارے کیلئے پاکستان کی معاونت پر تیار ہے۔ پاکستان کی حکمران جماعت نے کہا عملی طور پر غربت سے چھٹکارا پانے والے عوام سے ملاقات ایک نادر موقع ہے۔ غربت سے نکل کر خوشحالی کی جانب گامزن ہونے والے علاقوں کا دورہ ترتیب دینے پر چینی کمیونسٹ پارٹی کے مشکور ہیں۔ سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف نے کہا80 ملین چینی باشندوں کو غربت کی دلدل سے نکالنا چین کا تاریخی کارنامہ ہے۔ وزیر اعظم پاکستان اپنے لوگوں کو غربت سے نجات دلوانے کیلئے پرعزم ہیں ۔پاکستان سے غربت کو پسپا کرنے کیلئے چینی تجربات بیش قیمت ہیں۔ تحریک انصاف غربت کے تعاقب کیلئے چین کے تعاون اور تجربے سے مستفید ہونا چاہتی ہے۔
پاکستان / چین

ای پیپر دی نیشن