دفاعی سازوسامان کی نمائش ’’آئیڈیاز 2018ء‘‘ کل سے کراچی میں شروع ہوگی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش آئیڈیاز2018ء کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ دفاعی نمائش میں امریکی وفد بھی شرکت کرے گا۔ نمائش کے موقع پر شہر کا خصوصی ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔چار روزہ نمائش کل منگل سے شروع ہو رہی ہے۔ آئیڈیاز سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے پاک فوج کے بریگیڈئیر وحید نے بتایا کہ روس کے دو جنگی جہاز بھی نمائش کا حصہ بنیں گے، امریکا کا ایک خصوصی وفد بھی آئیڈیاز میں شرکت کرے گا۔نمائش میں پانچ سو کمپنیوں کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔ پچاس ممالک کے دو سو ساٹھ مندوبین اس میں شرکت کر رہے ہیں۔ آئیڈیاز دو ہزار اٹھارہ نمائش 27 سے30 نومبرتک جاری رہے گی۔ ایکسپو سینٹر میں نمائش کے دوران ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ 27نومبرسے 30نومبر تک یونیورسٹی روڈ عام ٹریفک کیلئے کھلا رہے گا، جبکہ حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم جانے والا راستہ صبح سات بجے سے بند کردیا جائے گا۔ڈالمیا سے کارساز اور نیوٹائون تک سڑک ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔حسن اسکوائر فلائی اوور بھی بند کردیا جائے گا۔لیاقت آباد سے آنے والا ٹریفک یونیورسٹی روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔رش سے بچنے کیلئے شاہراہ پاکستان، شارع فیصل، راشد منہاس روڈ اور شہید ملت روڈ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ہیوی ٹریفک کو نیپا۔ ملینیم اور کارساز سے حسن اسکوائر کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ایکسپو سینٹر کے اطراف پارکنگ کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔حکام کے مطابق رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر گھر جا سکیں گے۔نمائش کے دوران 300سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار سڑکیں بحال رکھنے میں کردار ادا کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن