عالمی سنوکر چیمپئن شپ، پاکستانی کیوئسٹس آصف مینز اور عمران کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

Nov 26, 2018

ینگون (اے پی پی) پاکستانی کیوئسٹس محمد آصف اور عمران شہزاد فتوحات برقرار رکھتے ہوئے آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں بالترتیب مینز اینڈ ماسٹر کیٹگری ایونٹس کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، دونوں کیوئسٹس کوارٹر فائنلز میں (آج) پیر کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ محمد بلال اور بابر مسیح شکستوں کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ میانمار میں جاری میگا چیمپئن شپ میں کھیلے گئے مینز پری کوارٹر فائنل میچ میں محمد آصف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ملک کے کیوئسٹ کو ٹیٹ کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد بیسٹ آف نائن فریمز میں 5-4 فریمز سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، آصف نے لاسٹ 32 رائونڈ میچ میں تھائی لینڈ کے کیوئسٹ کو اسی مارجن سے زیر کیا تھا، پاکستان کے بابر مسیح کو لاسٹ 32 رائونڈ میچ میں ویلز کے کیوئسٹ اینڈریو پیگٹ کے ہاتھوں کانٹے دار مقابلے کے بعد 5-4 فریمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، محمد بلال نے ملائیشین کیوئسٹ کین ہو مو کو 5-3 فریمز سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی تاہم کوارٹر فائنل میں انہیں چینی کیوئسٹ چانگ بنگیو کے ہاتھوں 5-2 فریمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب ماسٹر کیٹگری ایونٹ میں عمران شہزاد نے لاسٹ 32 رائونڈ میچ میں آسٹریلوی کیوئسٹ سٹیو کو 4-0 فریمز سے زیر کر کے پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، عمران نے پری کوارٹر فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور روایتی حریف بھارتی کیوئسٹ انوج اوپال کو بیسٹ آف سیون فریمز میں 4-3 فریمز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ آصف مینز اور شہزاد ماسٹر کیٹگری ایونٹس کے کوارٹر فائنلز میں آج پیر کو قسمت آزمائی کریں گے، آصف کو حریف چینی کیوئسٹ چانگ بینگیو کا چیلنج درپیش ہو گا جبکہ عمران شہزاد کا مقابلہ تھائی لینڈ کے کیوئسٹ سے ہو گا۔

مزیدخبریں