کراچی(اسٹاف رپورٹر) خان آف قلات کے صاحبزادے ولی عہد پرنس محمد بلوچ نے کہا ہے کہ ملک کے لئے مسلح افواج کی قربانیوں کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ منفی پروپیگنڈہ کرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔ انہوں نے یہ بات کراچی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ کراچی پہنچنے پر پرنس محمد کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ پرنس محمد نے بلوچ عوام کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام نے بانی پاکستان قائد اعظم کی آواز پر بھی لبیک کہا ‘ ہمیشہ ملکی مفاد کو عزیز رکھا اور آئندہ بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ حکومت بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے اور بلوچ عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔ اس موقع پردربارقلات کے نمائندہ خصوصی عید محمد سمالانی بھی پرنس محمد کے ہمراہ تھے۔