حکومت بیوقوفوںکے ہاتھ آ چکی ، ملک کوپیچھے دھکیلا جا رہا ہے: رانا تنویر

Nov 26, 2018

مریدکے(نمائندہ نوائے وقت) قومی اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر ، سینئر پارلیمنٹرین رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت بیوقوفوںکے ہاتھ آ چکی ہے،31مئی کے بعد ملک کو بد سے بد تر اور نیچے سے نیچے دھکیلا جا رہا ہے۔100روزہ کارکردگی نے عوام کو پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی چہرہ دکھا دیا ہے جنہوں نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے یو ٹرن کے عالمی رکارڈ قائم کر دیئے ہیں۔سابق ایم این رانا افضال حسین ، ضلعی چیئر مین رانا احمد عتیق انور، وائس چیئر مین بلدیہ مریدکے رانا ماجد نواز اورکوارڈی نیٹر ملک ندیم چوہان کے ہمراہ رانا فارم ہاؤس پر مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہو کر اسے اعلی لیڈر شپ قرار دے رہی ہے جو صدی کی سب سے بڑی تبدیلی ہے۔ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں لیکن عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر جینے کا حق بھی چھینا جا رہا ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا بھر میں اعلی مقام دلانے اور بیرونی دنیا کے شہریوں کو پاکستان میں آکر کام کرنے کے دعوے کرنے والے اب کشکول ہاتھ میں پکڑ کر ملک کو دنیا بھر میں بدنام کر رہے ہیں۔ عمران خان کی حکومت پاکستانی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جس کے ہر ملک کے ساتھ کئے جانے والے معاہدے خفیہ اور نا معلوم ہیں ۔ یو ٹرن کا بادشاہ بیرون ملک جا کر اپنے ہی ملک کو بدنام کر رہا ہے جس سے سرکاری کے منصوبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا تھا لیکن یو ٹرن حکومت نے اس کا رخ پستی کی طرف موڑ کر اسے کئی سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ہم حکومت کو اپنے 100کے وعدے 100دن کے بعد یاد کرائیں گے اور عوامی مفادات کے منصوبے شروع کرنے پر مجبور کریں گے۔

مزیدخبریں