اپنا گھر ہاؤسنگ پراجیکٹ انقلابی منصوبہ،بے گھر افراد کو چھت ملے گی، روزگار کے مواقع پیدا ہونگے:عثمان بزدار

Nov 26, 2018 | 20:37

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ اس کے علاوہ کوئی دوسرا ایجنڈا تھا، نہ ہے ، نہ ہوگا۔اپنا گھر ہاؤسنگ پراجیکٹ ایک انقلابی منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت بے گھر افراد کو چھت ملے گی۔ ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پسے ہوئے طبقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ ماضی میں وسائل کو صرف مخصوص علاقوں کیلئے رکھے گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ دور دراز کے علاقوں کو ترقی دے کر عوام کو ان کا حق لوٹائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں میں اراکین اسمبلی کی مشاورت شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اراکین اسمبلی عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیمی مواقع کی فراہمی ملک کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ نوجوانوں کی تربیت کیلئے سکل ڈویلپمنٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں مالی سال شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں 3 اعلیٰ معیار کی یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی۔ ان یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے فزیبلٹی سٹڈی کرائی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں